ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) معروف عالمِ دین مولانا محمود الحسن غضنفر نے پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک وہ واحد مقدس مہینہ ہے جسے اپنی گوناگوں خصوصیات کی بنا پر تمام مہینوں پر فوقیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی ماہِ مبارک میں اللہ تعالیٰ نے تمام آسمانی کتابوں میں سب سے افضل کتاب، قرآن مجید کو لوحِ محفوظ سے آسمانِ دنیا پر نازل فرمایا۔ قرآن کا نزول اس مہینے کی سب سے عظمت والی رات ‘لیلۃ القدر’ میں ہوا، جو اس مہینے کی فضیلت کی سب سے بڑی دلیل ہے۔
مولانا محمود الحسن غضنفر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ رمضان المبارک اللہ کی رحمتوں اور مغفرتوں کا مہینہ ہے، جس میں اللہ تعالیٰ کثرت سے اپنے بندوں کو جہنم سے آزادی عطا فرماتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر افطاری کے وقت، اور ماہِ صیام کے ہر دن اور ہر رات بے شمار گناہ گاروں کو جہنم سے نجات دی جاتی ہے۔ ہمیں اللہ کریم سے مسلسل دعا کرنی چاہیے کہ وہ ہمیں بھی ان خوش نصیبوں میں شامل فرمائے جنہیں جہنم سے دور کر کے جنت کا مستحق قرار دے دیا گیا، کیونکہ اصل کامیابی یہی ہے۔
انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ دنیا کی زندگی محض دھوکے کا سامان ہے، جبکہ اصل اور ہمیشہ رہنے والی زندگی آخرت کی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اس بابرکت مہینے کی فیوض و برکات سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں اور اپنی آخرت سنوارنے کے لیے اللہ کی بندگی میں وقت گزاریں۔ مولانا نے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو رمضان المبارک کے تقاضے پورے کرنے اور اس کے لطف و کرم سے مالا مال ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔