نوشہروفیروز (کیو این این ورلڈ/ساجد مغل کی رپورٹ) گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج نوشہروفیروز کے پروفیسرز اور طلبہ نے ملک کی بہادر افواج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں کی حمایت میں ایک پروقار ریلی نکالی۔ ریلی کا آغاز کالج کے احاطے سے ہوا جس میں اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور افواجِ پاکستان کے حق میں پرجوش نعرے بازی کی۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے اور وطنِ عزیز کے امن و استحکام کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں، جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہماری مسلح افواج جس طرح ماضی کے معرکوں میں سرخرو رہیں، اسی طرح جاری آپریشن میں بھی کامیابی حاصل کریں گی اور ملک دشمن عناصر کو عبرتناک شکست دیں گی۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی اور پاک فوج کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے