کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس کے 9 بہادر اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز کوئٹہ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہدا کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی، جبکہ وزیراعلیٰ اور دیگر حکام نے شہدا کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچلاک کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 9 اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔ نمازِ جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیس جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں کو ان کے عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور بزدلانہ کارروائیاں فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ آئی جی بلوچستان نے شہدا کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔ بعد ازاں شہدا کی میتیں سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دی گئیں جہاں انہیں مکمل فوجی و سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔