لاہور (کیو این این ورلڈ) حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران کے بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق متعدد افسران کو ان کے موجودہ عہدوں سے ریلیو کر کے نئی تعیناتیوں یا رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اہم تبدیلیوں کے تحت اے سی ماڈل ٹاؤن لاہور عبدالباسط صدیقی اور اے سی صادق آباد ندیم بلوچ کو ان کے عہدوں سے ریلیو کر کے حکومتِ سندھ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ عبدالسمیع شیخ کو جہلم سے تبادلہ کر کے نیا اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن لاہور مقرر کیا گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی کئی اہم تبدیلیاں عمل میں لائی گئی ہیں، جن کے تحت فاطمہ ارشد کو اے سی لاہور کینٹ سے ہٹا کر سروسز ونگ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور سنبل کو اے سی راوی سے تبدیل کر کے اے سی کینٹ تعینات کیا گیا ہے۔ اسی طرح حمیرا شاہ کو اے سی راوی لاہور، عابد ممتاز خان کو اے سی لاہور صدر، جبکہ ثناء کو اے سی شجاع آباد اور محمد تیمور عادل کو اے سی کوٹلی ستیاں مقرر کیا گیا ہے۔ سید قیصر عباس کو لاہور صدر سے تبدیل کر کے اسسٹنٹ کمشنر ظفر وال اور عمران رسول کو اے سی صادق آباد تعینات کرنے کے احکامات جاری ہوئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دیگر اضلاع میں بھی افسران کی نئی تعیناتیاں کی گئی ہیں جن میں جواد حسین ملک کو اے سی بورے والا، محسن اقبال کو اے سی پنڈی بھٹیاں، شیریں گل کو اے سی کہوٹہ اور مرزا راحیل بیگ کو اے سی اوکاڑہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فاروق محمود جنجوعہ کو کوٹ ادو، رب نواز کو جھنگ، وسیم عباس کو نارووال اور صائمہ نذیر کو رینالہ خورد میں اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ حکومت نے متعدد خواتین افسران بشمول عائشہ ظفر، انعم علی خان، عائشہ بدر، صفا عابد اور عتیقہ عنایت کو ان کے عہدوں سے ہٹا کر ایڈمنسٹریشن ونگ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جنوبی پنجاب اور دیگر علاقوں میں بھی انتظامی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن کے تحت فیض فرید کو ڈیرہ غازی خان سے تبدیل کر کے اے سی کلور کوٹ، محمد زاہد اقبال کو اے سی پیرمحل، وقاص ظفر کو اے سی ملتان صدر اور محمد انیس خان بھٹی کو اے سی خیرپور ٹامیوالی مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اقراء ناصر کو اے سی شاہکوٹ، ارم شہزادی کو اے سی کمالیہ، فاروق اللہ خان کو اے سی لودھراں اور اصغر علی کو اسسٹنٹ کمشنر کروڑ لا عیسن تعینات کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے ان تبادلوں کا مقصد انتظامی امور میں بہتری اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو مزید موثر بنانا بتایا گیا ہے۔