لاہور (کیو این این ورلڈ)رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے پیش نظر حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں سرکاری دفاتر کے اوقات کار کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت دفتری اوقات میں کمی کی گئی ہے تاکہ ملازمین کو روزے کی حالت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وہ صوبائی محکمے اور ادارے جو ہفتے میں پانچ دن کام کرتے ہیں، رمضان المبارک کے دوران پیر سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک دفتری امور سرانجام دیں گے۔

اسی طرح وہ سرکاری دفاتر اور ادارے جو ہفتے میں چھ دن کام کرتے ہیں، ان کے لیے پیر سے جمعرات دفتری اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران جمعہ کے روز صوبے بھر کے تمام سرکاری دفاتر میں کام کے اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوں گے۔

حکومت پنجاب کے مطابق ان اوقات کار کا اطلاق رمضان المبارک کے آغاز سے اختتام تک ہوگا، جبکہ تمام صوبائی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔ دفتری اوقات میں اس رد و بدل کا مقصد سرکاری ملازمین کے لیے سہولت اور عوامی خدمات کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے