اسلام آباد(کیو این این ورلڈ)موجودہ حساس قومی صورتحال کے پیش نظر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عوام کے نام ایک اہم پبلک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں شہریوں سے سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال میں ذمہ داری اور احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق حالیہ حالات کے تناظر میں یہ نہایت ضروری ہے کہ شہری کسی بھی غیر مصدقہ، اشتعال انگیز یا گمراہ کن معلومات کو شیئر، فارورڈ یا اپ لوڈ کرنے سے گریز کریں۔ ایسی معلومات جو براہِ راست یا بالواسطہ طور پر قومی مفاد، عوامی نظم و نسق، سیکیورٹی صورتحال یا ریاستی اداروں کو متاثر کر سکتی ہوں، ان کا پھیلاؤ ملک میں بے چینی اور بداعتمادی کو جنم دے سکتا ہے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ شہری صرف مستند اور سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر انحصار کریں اور انہی کو آگے شیئر کریں۔ افواہوں، قیاس آرائیوں اور جعلی خبروں کو فروغ دینا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ یہ قومی مفاد کے منافی بھی ہو سکتا ہے۔ موجودہ دور میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کی تصدیق کے بغیر اسے آگے بڑھانا سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ جعلی خبروں، افواہوں یا غلط معلومات کو جان بوجھ کر پھیلانے، شیئر کرنے یا اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اس ضمن میں سائبر قوانین اور دیگر متعلقہ ضوابط کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
اتھارٹی نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ حالات میں سنجیدگی، احتیاط اور قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ ذمہ دارانہ رویہ اپنانا نہ صرف عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ملک میں امن و استحکام کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
