لاہور (کیو این این ورلڈ):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پلیئرز ڈرافٹ کے بجائے آکشن سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے، جہاں 8 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب بولی کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ پلیئرز آکشن کی تقریب ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں فرنچائز مالکان، پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام اور کرکٹ سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔
آل راؤنڈرز کی پہلی لاٹ میں پاکستانی آل راؤنڈر فہیم اشرف کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 کروڑ 50 لاکھ روپے میں خرید لیا، جبکہ اسی کیٹیگری میں عماد وسیم، محمد جنید، مہدی حسن میراز، حسین طلعت، آصف آفریدی، دانش عزیز اور محمد ذیشان کو کسی فرنچائز نے منتخب نہیں کیا۔
دوسری لاٹ میں آسٹریلیا کے اسٹار بلے باز ڈیوڈ وارنر کو کراچی کنگز نے 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔ سابق جنوبی افریقی بلے باز رائیلی روسو 5 کروڑ 55 لاکھ روپے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بنے، جبکہ جہانزیب سلطان کو سیالکوٹ اسٹالینز نے 60 لاکھ روپے میں منتخب کیا۔ کولن منرو، عمیر بن یوسف، کامران غلام، جارج منسی اور سعود شکیل کو اس مرحلے پر نظر انداز کر دیا گیا۔
تیسری لاٹ میں محمد علی کو 2 کروڑ 15 لاکھ روپے میں حیدرآباد نے خریدا، جبکہ حارث رؤف کو لاہور قلندرز نے 7 کروڑ 60 لاکھ روپے میں واپس اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔ انگلینڈ کے کرس جارڈن کو بھی کسی فرنچائز نے نہیں خریدا۔
تقریب کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آمد پر تمام فرنچائز مالکان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے فرنچائز مالکان کو قومی ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے تیار کردہ مارخور تھیم پر مبنی خصوصی کسٹمائزڈ شرٹس بطور تحفہ پیش کیں۔
مزید آکشن میں نسیم شاہ کو راولپنڈی نے 8 کروڑ 65 لاکھ روپے میں خریدا، وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان کو کراچی کنگز نے 3 کروڑ 25 لاکھ روپے میں حاصل کیا، جبکہ صاحبزادہ فرحان 5 کروڑ 70 لاکھ روپے میں سیالکوٹ اسٹالینز کا حصہ بنے۔ بنگلہ دیش کے آف اسپنر رشاد حسین کو راولپنڈی نے 3 کروڑ روپے میں منتخب کیا۔
پاکستان کے نوجوان اسپنرز مہران ممتاز (1 کروڑ 25 لاکھ روپے، اسلام آباد یونائیٹڈ) اور فیصل اکرم (1 کروڑ 25 لاکھ روپے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز) بھی آکشن کا حصہ بنے۔ عامر جمال کو پشاور زلمی نے 1 کروڑ 90 لاکھ روپے میں، عرفات منہاس کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 1 کروڑ 10 لاکھ روپے میں خریدا، جبکہ اسامہ میر 3 کروڑ 50 لاکھ روپے میں لاہور قلندرز اور جہانداد خان 2 کروڑ 50 لاکھ روپے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہوئے۔
قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو کراچی کنگز نے 5 کروڑ 85 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔ فخر زمان کو لاہور قلندرز نے 7 کروڑ 95 لاکھ روپے میں واپس لیا، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل 8 کروڑ 5 لاکھ روپے میں راولپنڈی کا حصہ بنے، جبکہ میکس برائنٹ کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 1 کروڑ 95 لاکھ روپے میں خریدا۔
فاسٹ بولرز میں خرم شہزاد (2 کروڑ 70 لاکھ، پشاور زلمی)، محمد عامر (5 کروڑ 40 لاکھ، راولپنڈی) اور عبید شاہ (2 کروڑ 70 لاکھ، لاہور قلندرز) شامل رہے۔ کوشال پریرا کو حیدرآباد نے 3 کروڑ 10 لاکھ روپے میں منتخب کیا، جبکہ محمد حارث کو پشاور زلمی نے 2 کروڑ 20 لاکھ روپے میں واپس حاصل کیا۔ خواجہ نافع 6 کروڑ 50 لاکھ روپے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور حسیب اللہ خان 1 کروڑ 10 لاکھ روپے میں لاہور قلندرز کا حصہ بنے۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم اب نئے مالکان کے ساتھ ’’راولپنڈی‘‘ کے نام سے پی ایس ایل میں شریک ہو رہی ہے۔ پی ایس ایل الیون کے پلیئرز آکشن میں مجموعی طور پر 880 کھلاڑی رجسٹرڈ ہیں، جبکہ ایونٹ کا باقاعدہ آغاز 26 مارچ سے ہوگا۔