لاہور (کیو این این ورلڈ) پاکستان سپر لیگ 11 میں پشاور زلمی نے راولپنڈی ز کے خلاف منفرد عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
پشاور زلمی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں بغیر کسی بلے باز کی ففٹی کے سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے والی ٹیم بن گئی ہے۔ زلمی نے 215 رنز کا ہدف عبور کرتے ہوئے 218 رنز اسکور کیے اور یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ امریکہ میں کھیلی جانے والی میجر لیگ کرکٹ میں واشنگٹن فریڈم کے پاس تھا، جس نے لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز کے خلاف بغیر کسی ففٹی کے 214 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔
پشاور زلمی نے اس میچ میں نہ صرف عالمی سطح کا منفرد ریکارڈ بنایا بلکہ پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی نئی تاریخ رقم کر دی۔ یہ پاکستان میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے بغیر کسی انفرادی ففٹی کے سب سے بڑا اسکور ہے۔
اس سے قبل لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بغیر کسی ففٹی کے 209 رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کر رکھا تھا، جسے اب پشاور زلمی نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کارنامہ ٹیم ورک، جارحانہ حکمت عملی اور مسلسل رنز بنانے کی بہترین مثال ہے، جس میں کسی ایک کھلاڑی پر انحصار کے بجائے پوری ٹیم نے اجتماعی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔