لاہور (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے جاتی امراء میں اہم ملاقات کی ہے، جس میں ملک کی حالیہ معاشی صورتحال اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے پیدا ہونے والے حالات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس اہم بیٹھک میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، مارکیٹ میں تیل کی طلب اور رسد کے نظام کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے نواز شریف کو حکومت کے حالیہ معاشی فیصلوں اور پیٹرولیم مصنوعات میں کیے گئے اضافے کے پس منظر سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں اس بات پر غور کیا گیا کہ عوامی ریلیف کے لیے کن اقدامات کو فوری طور پر اپنایا جا سکتا ہے تاکہ مہنگائی کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55، 55 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا تھا، جس پر ملک بھر میں شدید عوامی ردعمل سامنے آیا ہے۔ عوام کی جانب سے مہنگائی کے اس نئے طوفان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور سپلائی چین کو برقرار رکھنا ہے تاکہ ملک میں ایندھن کی کسی قسم کی قلت پیدا نہ ہو۔ ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ قیمتوں میں اضافے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر نظر رکھیں اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کریں۔