ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب نے وساکھی میلے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جبکہ تقریبات کل سے باقاعدہ شروع ہوں گی۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او ارسلان زاہد نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وساکھی میلے میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری ننکانہ صاحب آ رہے ہیں، جن میں تقریباً 2800 بھارتی سکھ یاتری بھی شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 8 ہزار کے قریب یاتری شرکت کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رہائش، لنگر، صفائی ستھرائی اور دیگر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ تقریبات کے دوران ننکانہ شہر کو لوڈشیڈنگ فری رکھا جائے گا اور متبادل کے طور پر جنریٹرز کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔
سکیورٹی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، 2 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ شارپ شوٹرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔ شہر کو 6 سیکٹرز میں تقسیم کر کے سخت نگرانی کی جائے گی، جبکہ کاکا درزی سے ڈی سی آفس تک کے علاقے کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے۔
ڈی پی او ارسلان زاہد نے بتایا کہ شہر بھر میں سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری ہیں، جبکہ اینٹی ڈرون سسٹم نصب کر دیا گیا ہے اور ڈرون کیمروں کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ یاتریوں کی آمد واہگہ بارڈر سے سخت سکیورٹی حصار میں بذریعہ بس کل متوقع ہے اور انہیں گوردوارہ جات میں ہی قیام فراہم کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے شہریوں اور میڈیا سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مہمانوں کے ساتھ عزت و احترام اور محبت سے پیش آیا جائے تاکہ ملک اور شہر کا مثبت تشخص اجاگر ہو۔ ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ میڈیا ہاؤسز کی ڈی ایس این جیز کو بیریئر سے 100 میٹر دور کھڑا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ بابا گورو نانک سے منسوب یہ عالمی ایونٹ ہم سب کے لیے اہم ہے اور ننکانہ صاحب کو بین الاقوامی شہر کے طور پر بہترین انداز میں پیش کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔