ننکانہ صاحب (کیو این این نیوز/احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے 5 چک کا دورہ کیا اور ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے ٹف ٹائل اور نالے کے تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والے میٹریل کی کوالٹی کا تفصیلی معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے نالے کے تعمیراتی کام میں ناقص اینٹ کے استعمال کا نوٹس لیا اور متعلقہ افسر کو سرزنش کرتے ہوئے ٹھیکیدار کو تعمیراتی کام فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص میٹریل کے استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ جاری ترقیاتی کاموں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں اور شہری بھی ترقیاتی منصوبوں میں ناقص میٹریل کے استعمال کی فوری نشاندہی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شفافیت اور معیار کے بغیر کسی بھی ترقیاتی منصوبے کی تکمیل عوامی مفاد میں ممکن نہیں، اور ہر منصوبے کی کوالٹی اور معیار یقینی بنایا جائے گا۔