کراچی (کیو این این ورلڈ) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3 ملزم ہلاک جبکہ 7 زخمیوں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پاک کالونی پولیس نے دورانِ گشت جب مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں 3 ملزمان شدید زخمی ہوئے اور ہسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گئے۔ ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے، جبکہ مقابلے کے دوران پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی وجہ سے محفوظ رہے۔

اسی طرح مومن آباد پولیس نے رحیم شاہ کالونی میں مبینہ مقابلے کے بعد 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔ گلشن معمار پولیس نے بھی فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو حراست میں لیا، جبکہ گلبرگ پولیس نے بلاک 5 میں کارروائی کرتے ہوئے 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا گیا سامان برآمد کیا۔ کراچی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے تمام ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی اور ان کے سابقہ ریکارڈ کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے