پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن نے ملک بھر کے پمپس بند کرنے کی دھمکی دیدی

اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ) آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے خدشات دور نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر میں ہزاروں پیٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے، جس کے باعث ممکنہ طور پر شدید فیول بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے فوری ملاقات کے لیے مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جبکہ 6 مارچ کو بھی ایک مراسلہ بھیجا گیا تھا تاہم اس کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم سیکٹر کو اس وقت آپریشنل، مالی مسائل، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور اچانک پالیسی تبدیلیوں جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پالیسی سازی کے عمل میں صنعت سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرے تاکہ مسائل کا مؤثر حل نکالا جا سکے۔

مزید کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے تقریباً 14 سے 15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان کو درپیش مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک گیر سطح پر پیٹرول پمپس بند کرنے کا آپشن استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ پیٹرول پمپس کی بندش کی صورت میں ملک میں شدید فیول بحران پیدا ہو سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری وزارتِ پیٹرولیم پر عائد ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے