کوئٹہ(کیو این این ورلڈ) بلوچستان کے ضلع پنجگور کے سرحدی علاقے چیدگی دستک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حملہ آور دو گاڑیوں کو آگ لگا کر فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

قائم مقام ایس پی پنجگور امیر جان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پنجگور شہر سے تقریباً 60 کلومیٹر دور پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور جائے وقوعہ پر کھڑی دو گاڑیوں کو نذرآتش کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں سے دو کی شناخت داؤد ولد عوض جان اور سلیم ولد حاجی فیض محمد کے ناموں سے ہوئی ہے جو سرحدی گاؤں نکر کے رہائشی تھے، جبکہ دیگر چار افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پنجگور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں طبی عملے نے گولیوں کے زخموں کے باعث ہلاکت کی تصدیق کی۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ حملے کے فوری بعد مقامی افراد نے گھروں میں پناہ لے لی۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر امیر جان نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ یہ علاقہ ایران کی سرحد کے قریب واقع ہے اس لیے ماضی میں بھی یہاں اس نوعیت کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، تاہم تاحال کسی گروپ یا تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی نوعیت کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا، تاہم بظاہر یہ ایک منظم حملہ معلوم ہوتا ہے۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور حملہ آوروں کی تلاش کی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے