اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال اور کشیدگی کے باوجود پاکستان کی سپلائی چین مکمل طور پر فعال ہے، جس میں سوست ڈرائی پورٹ کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر جاری بحران کے باوجود چین کے راستے سوست ڈرائی پورٹ سے تجارتی سرگرمیاں بلاتعطل جاری ہیں، جو پاکستان کی معاشی استحکام کے لیے ایک مثبت علامت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک چین سرحد پر واقع سوست ڈرائی پورٹ پاکستان کو ایک قابل اعتماد اور متبادل تجارتی راستہ فراہم کر رہی ہے۔ ایسے وقت میں جب سمندری تجارتی راستوں پر خدشات منڈلا رہے ہیں، پاکستان اپنی زمینی تجارتی راہداریوں کو مؤثر طریقے سے استعمال کر کے خود کو ایک مضبوط عالمی تجارتی مرکز کے طور پر منوا رہا ہے۔ حکومت کی بہترین حکمت عملی کی بدولت سپلائی چین کے نظام کو کسی بھی بڑے تعطل سے محفوظ رکھا گیا ہے۔
سوست ڈرائی پورٹ گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ میں سطح سمندر سے تقریباً 10 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور یہ پاک چین سرحد (خنجراب پاس) کے قریب ترین اہم تجارتی مقام ہے۔ جغرافیائی لحاظ سے یہ مقام شاہراہِ قراقرم پر واقع ہے، جو پاکستان کو چین کے صوبے سنکیانگ سے جوڑتا ہے۔ یہ پورٹ دونوں ممالک کے درمیان زمینی تجارت کا واحد گیٹ وے ہے، جہاں کسٹمز اور کلیئرنس کے تمام معاملات طے پاتے ہیں۔
معاشی اور تزویراتی لحاظ سے سوست ڈرائی پورٹ کی اہمیت انتہائی زیادہ ہے۔ یہ سی پیک (CPEC) کے تحت شمالی تجارتی روٹ کا آغاز ہے، جو سمندری راستوں پر انحصار کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں، جہاں بحیرہ احمر جیسے راستے متاثر ہو سکتے ہیں، سوست پورٹ پاکستان کے لیے لائف لائن کی حیثیت اختیار کر گئی ہے۔ یہ نہ صرف مقامی تجارت کو فروغ دے رہی ہے بلکہ خطے میں پاکستان کی معاشی اہمیت کو بھی اجاگر کر رہی ہے۔