کراچی(ویب ڈیسک)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بھارتی فلم دھرندھر کو پاکستان اور بالخصوص لیاری کے خلاف منفی پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لیاری تشدد کی علامت نہیں بلکہ ثقافت، امن، صلاحیت اور حوصلے کی پہچان ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت فلموں کے ذریعے اپنی ناکامیوں کو کامیابی میں تبدیل نہیں کر سکتا۔
شرجیل میمن نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی فلم دھرندھر کے ذریعے لیاری کی غلط تصویر کشی کی گئی ہے، حالانکہ لیاری ایک زندہ دل، پُرامن اور باصلاحیت خطہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروپیگنڈے کے جواب میں پاکستان میں میرا لیاری کے نام سے فلم تیار کر لی گئی ہے جو لیاری کا اصل اور مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لائے گی۔
صوبائی وزیر کے مطابق فلم میرا لیاری کی تیاری میں سندھ حکومت نے مکمل معاونت فراہم کی ہے اور اسے جنوری کے پہلے ہفتے میں ریلیز کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فلم کو بین الاقوامی سطح پر بھی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا تاکہ دنیا لیاری کی اصل شناخت سے آگاہ ہو سکے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ میرا لیاری میں امن، خوشحالی اور فخر کی جھلک نمایاں ہو گی اور یہ فلم منفی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب ثابت ہو گی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں بھارت میں پروپیگنڈا فلم دھرندھر ریلیز کی گئی، جس میں رنویر سنگھ، اکشے کھنہ، آر مدھون، ارجن رام پال اور سنجے دت سمیت کئی معروف اداکاروں نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔