کراچی (کیو این این ورلڈ):نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی پاکستان کو آمادہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق پاکستان اپنی بعض شرائط منوا کر بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر غور کر سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی سے ہونے والے طویل مذاکرات کے بعد حکومتِ پاکستان اور وزیراعظم سے مزید رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی منظوری کی صورت میں پاک بھارت میچ سے متعلق بڑی پیش رفت سامنے آ سکتی ہے اور پاکستان اپنی شرائط کے تحت میچ کھیلنے پر رضامند ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں اتوار کی شب آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان چار گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد معاملات میں بہتری کے امکانات پیدا ہوئے، جبکہ مذاکرات کا دوسرا دور رات گئے تک جاری رہا۔ پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے کا حتمی اختیار حکومتِ پاکستان کے پاس ہے۔
آئی سی سی کے وائس چیئرمین عمران خواجہ نے پاکستانی مؤقف آئی سی سی بورڈ ممبران کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ مذاکرات میں متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ کے نمائندے مبشر عثمانی بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے، جبکہ سری لنکن اور اماراتی کرکٹ بورڈز نے پاکستان سے اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پیر کے روز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں پاکستان کی جانب سے آئی سی سی کے سامنے اپنی سالانہ آمدنی میں اضافے سمیت دیگر شرائط رکھنے پر بھی غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی وفد کو پی سی بی نے مدعو نہیں کیا بلکہ وفد نے خود پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔
اس سلسلے میں آئی سی سی کے وائس چیئرمین عمران خواجہ ہنگامی طور پر لاہور پہنچے جہاں انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے قذافی اسٹیڈیم میں ملاقات کی۔ اسی دوران بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی لاہور پہنچے اور انہوں نے محسن نقوی اور عمران خواجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے بھارت کو بھی پیغام دیا ہے کہ وہ کھیل کی روح کے منافی اقدامات سے گریز کرے اور ہینڈ شیک جیسے معاملات کو غیر ضروری طور پر نہ بڑھایا جائے۔ پاکستان کو میچ کیلئے رضامند کرنے کے لیے مختلف آپشنز زیرِ غور لائے گئے ہیں، جبکہ اماراتی کرکٹ حکام نے بھی پی سی بی سے فیصلے پر نظرِ ثانی کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر پی سی بی نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے باوجود بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا، جو بنگلا دیش سے اظہارِ یکجہتی کے تناظر میں کیا گیا۔ پاکستان نے کولمبو میں ہونے والے میچ کے لیے بھی بنگلا دیش کی حمایت میں میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام آئی سی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے لاہور پہنچے، جبکہ آئی سی سی کا مصالحتی وفد بھی پاکستان میں موجود ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی وفد کا استقبال کیا، جہاں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے معاملے پر تفصیلی بات چیت جاری رہی۔ آئی سی سی نے اس حساس معاملے کا ٹاسک وائس چیئرمین عمران خواجہ کو سونپ رکھا ہے۔