ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر جواد اکبر) پاکستان دھرتی ماں کے زیرِ اہتمام مقامی ہوٹل میں افطار پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین رائے آصف نواز نے اپنے والد مرحوم کی قائم کردہ سیاسی جماعت کو باقاعدہ بحال کرنے کا اعلان کیا۔ رائے آصف نواز کا کہنا تھا کہ وہ جلد جنوبی پنجاب سے اپنے سیاسی دوروں کا آغاز کریں گے اور مرحلہ وار پورے ملک میں جماعت کو منظم اور فعال بنائیں گے۔
رائے آصف نواز نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوئی جاگیردار نہیں بلکہ غریب عوام کے دکھ درد کو محسوس کرنے والے انسان ہیں اور ان کے مخلص ساتھی ہی ان کی اصل طاقت ہیں۔ پروگرام میں موجود تمام دوستوں اور رفقا نے جماعت کی بحالی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے رائے آصف نواز کی قیادت پر مکمل اعتماد اور بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
تقریب کا آغاز رائے محمد علی نواز نے تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا جبکہ اختتام پر اظہر چانڈیہ نے ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور پاک فوج کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ پروگرام کے آخر میں شرکاء نے "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج پائندہ باد” کے پرجوش نعرے بھی لگائے۔