کولمبو:(کیو این این ورلڈ) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے 12ویں گروپ میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی مسلسل دوسری جیت درج کر لی ہے۔ کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں امریکی کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا، تاہم صائم ایوب 19 رنز پر ہمت ہار گئے لیکن صاحبزادہ فرحان نے میدان کے چاروں اطراف دلکش شاٹس کھیلتے ہوئے 73 رنز کی برق رفتار اور ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس نے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔

دیگر بلے بازوں میں اسٹار کرکٹر بابر اعظم نے 46 رنز بنا کر اننگز کو استحکام دیا جبکہ شاداب خان نے 30 رنز کی مفید باری کھیلی۔ کپتان سلمان علی آغا محض ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ محمد نواز 5، شاہین آفریدی 9 اور فہیم اشرف ایک رن بنا سکے۔ امریکا کی جانب سے شیڈلے وین اسکالکوک سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ محمد محسن، سوربھ نیٹراولاکر اور ہرمیت سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 191 رنز کے تعاقب میں امریکی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور مقررہ اوورز میں ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، یوں پاکستان نے یہ میچ 32 رنز سے اپنے نام کر لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے