اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) بلاول بھٹو زرداری نے آپریشن “غضب للحق” پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے افغان طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی پراکسی بن کر خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنا بند کیا جائے۔
افغان طالبان کے مبینہ بلااشتعال حملے کے ردعمل میں پاک فوج کی کارروائیوں پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک بار پھر خطے میں اپنی دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا منوا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ افغانستان کی حکومت بھارت کی پراکسی بننے کے بجائے خطے میں امن و استحکام کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ کابل حکومت کی غلط حکمت عملی نے پاکستان کو جوابی کارروائی پر مجبور کیا، جس کا مقصد ملکی سلامتی کا تحفظ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرقی اور مغربی سرحدوں پر پاکستان کی مسلح افواج ملک کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور قومی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان تصادم کا خواہاں نہیں، تاہم اگر اسے للکارا گیا تو دشمن کو منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں اور ملکی دفاع ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔