ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ماہِ رمضان کے دوران تمام مجسٹریٹس اور پیرا فورس مزید متحرک ہو کر انسپکشنز کریں اور کسی بھی سطح پر ناقص کارکردگی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہروں کے ساتھ ساتھ قصبوں اور دور افتادہ دیہی علاقوں میں بھی باقاعدگی سے چیکنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ہر جگہ ریلیف مل سکے۔

ڈی سی محمد تسلیم اختر راؤ نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اب محض وارننگ دینے کا وقت گزر چکا ہے، لہٰذا خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے کیے جائیں، مقدمات درج ہوں اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں کیونکہ کسی کو بھی ناجائز منافع خوری یا مصنوعی مہنگائی کے ذریعے عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور اشیاءِ خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ پیرا فورس اور پرائس مجسٹریٹس ضلع کے ہر بازار اور مارکیٹ میں اپنی موجودگی کا احساس دلائیں اور دکانوں پر ریٹ لسٹوں کی نمایاں جگہ پر آویزیگی کو لازمی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے روٹی کے وزن اور کوالٹی کی خصوصی چیکنگ اور احترامِ رمضان آرڈیننس پر مکمل عملدرآمد کروانے کا بھی حکم دیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ڈی ای او پیرا اور جوانوں سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، جنہیں فیلڈ میں متحرک رہنے کی سخت ہدایات جاری کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے