اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پاکستان کی جانب سے افغانستان کی حالیہ جارحیت کے جواب میں شروع کیا گیا "آپریشن غضب للحق” کامیابی کے ساتھ جاری ہے، جس کے دوران دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے اس آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی فورسز کی موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں اب تک 415 افغان طالبان ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 580 سے تجاوز کر گئی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق اس آپریشن کے دوران افغان طالبان رجیم کے دفاعی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے، جس میں اب تک 182 چیک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی فورسز نے پیش قدمی کرتے ہوئے دشمن کی 31 اہم پوسٹوں کا کنٹرول بھی حاصل کر لیا ہے، جس سے سرحدی علاقوں میں پاکستانی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔
عطااللہ تارڑ نے کارروائیوں کی مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کے 185 ٹینک، اسلحہ بردار گاڑیاں اور آرٹلری گنز کو بھی تباہ کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فضائیہ نے بھی اس آپریشن میں بھرپور حصہ لیا ہے اور افغانستان کے اندر مجموعی طور پر 46 مختلف مقامات پر انتہائی موثر فضائی کارروائیاں کی گئی ہیں تاکہ دہشت گردی کے ٹھکانوں کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔