ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے متعلقہ افسران کے ہمراہ تحصیل ننکانہ صاحب کا ہنگامی دورہ کیا، جس کے دوران بچیکی اور بڑا گھر کے اسکولوں میں کلاس سے غیر حاضر ہونے اور چھڑی برآمد ہونے پر دو اساتذہ کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اسکولوں میں شدید بدانتظامی اور نظم و ضبط کی کمی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کو بھی فی الفور ٹرانسفر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کے دوران بچیکی بڑا گھر میں پولیو کیمپس کی کارکردگی کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بچیکی اور سیدوالہ کے مختلف بازاروں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور ناجائز تجاوزات کا خود جائزہ لیا۔ انہوں نے موٹروے انٹرچینج پر بیوٹیفکیشن کے منصوبوں اور اسپورٹس ارینا میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کا معائنہ بھی کیا اور کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کا کہنا تھا کہ اسپورٹس ارینا میں نوجوانوں کے لیے روزانہ کی بنیاد پر فٹ بال اور کرکٹ کے میچز منعقد کروائے جائیں گے، جبکہ شفافیت برقرار رکھنے کے لیے اسپورٹس ارینا میں میچز کی بکنگ آن لائن سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔ انہوں نے ضلع کونسل اور پیرا فورس کو سختی سے ہدایت کی کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کو مسلسل جاری رکھا جائے تاکہ عوامی آمدورفت میں رکاوٹ ختم ہو سکے۔

دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے صحت کے شعبے پر توجہ دیتے ہوئے ضلع کے مختلف ہسپتالوں کی ری ویمپنگ (مرمت و بحالی) کے منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے کسی بھی سرکاری ملازم کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی اور عوامی مفاد کے منصوبوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے