گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری مہم کے دوران تھانہ بیلو میرپور پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ پولیس نے دورانِ گشت خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک نامی گرامی منشیات فروش جاوید عالم عرف جاوید ولد امید علی مہر کو گرفتار کر لیا، جو ڈھرکی کی جونگ کالونی کا رہائشی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے ملزم کے قبضے سے 1020 گرام چرس، ایک کار اور 4000 روپے نقدی برآمد کی ہے۔ ملزم کو گاڑی سمیت تھانے منتقل کر کے اس کے خلاف کرائم نمبر 14/2026 کے تحت انسدادِ منشیات ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم منشیات کا بڑا ڈیلر اور سپلائر ہے، جبکہ اس کے دو بھائی بھی اسی مکروہ دھندے میں ملوث ہیں جن کا کرمنل ریکارڈ پولیس فائل کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں
گھوٹکی: پولیس کی مبینہ غنڈہ گردی، خاتون پر تشدد اور گاڑی چھیننے پر میرپور ماتھیلو میں دہائی
پولیس کارروائی کا ڈراپ سین: خاتون کے الزامات کا حقیقت سے تعلق سامنے آگیا
یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈھرکی کی رہائشی خاتون آسیہ مہر نے بیلو میرپور پولیس پر تشدد اور گاڑی چھیننے کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے میرپور ماتھیلو تھانے کے سامنے احتجاج کیا تھا۔ تاہم حالیہ گرفتاری کے بعد اس معاملے کا ڈراپ سین ہو گیا ہے، کیونکہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ احتجاج کرنے والی خاتون کا شوہر منشیات کا بڑا ڈیلر ہے اور اس کے دونوں دیور بھی منشیات فروشی کے مقدمات میں ملوث ہیں۔ پولیس کا موقف ہے کہ خاتون کی جانب سے لگائے گئے الزامات کارروائی سے بچنے اور دباؤ ڈالنے کی ایک کوشش تھی۔

