ممبئی (کیو این این ورلڈ) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور رقاصہ نورا فتحیٰ نے سوشل میڈیا پر امن کے پیغام پر تنقید کرنے والے صارفین کو کرارا جواب دیتے ہوئے اپنے مؤقف کی وضاحت کر دی ہے۔
34 سالہ کینیڈین نژاد اداکارہ نے حال ہی میں ایران پر امریکی و اسرائیلی مشترکہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دنیا بھر میں امن اور اتحاد کا پیغام دیا تھا، جس پر انہیں بعض صارفین کی جانب سے مسلمانوں کی حمایت کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
نورا فتحیٰ نے انسٹاگرام پر ایک نئی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے سننے اور سمجھنے کی صلاحیت کھو دی ہے، جبکہ تنقیدی سوچ وہ بنیادی چیز ہے جو سب نے سکول میں سیکھی ہوتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا امن کا پیغام کسی خاص طبقے کے لیے نہیں بلکہ دنیا کے ہر فرد کے لیے ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی ملک یا مذہب سے ہو، انہوں نے مزید کہا کہ اگر امن کی اپیل کسی کو مشتعل کرتی ہے تو اسے اپنے احتساب کی ضرورت ہے۔
اداکارہ نے روزے کے دوران اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں امن کی بات کرنے پر لوگ ناراض ہو جاتے ہیں، جو کہ ایک انتہائی خوفناک رجحان ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں نورا نے دو ٹوک الفاظ میں لکھا کہ وہ اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہیں اور اگر عالمی امن و اتحاد کی بات کسی کو بری لگتی ہے تو اسے نفسیاتی مدد حاصل کرنی چاہیے۔