راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں کسی بھی صورت تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مذہبی جذبات کو ملک میں انتشار اور تشدد بھڑکانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے راولپنڈی میں اہلِ تشیع علما سے اہم ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی، بین الصوبائی ہم آہنگی اور ملک میں امن و استحکام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے کہا کہ اتحاد، رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علما کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ علما غلط معلومات اور فرقہ وارانہ بیانیے کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی برقرار رہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کسی بھی قسم کے تشدد کو برداشت نہیں کرے گی اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ مذہبی جذبات کو تشدد کے لیے استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کا استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور دہشتگردوں اور ان کے ٹھکانوں کو جہاں بھی ہوں نشانہ بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں شریک علما نے بھی ہر قسم کے تشدد کی بھرپور مذمت کی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے سکیورٹی اداروں کی حمایت کا اعلان کیا۔
مزید برآں فیلڈ مارشل نے آپریشن غضب للحق کے حوالے سے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔