نیتن یاہو کی نئی ویڈیو اے آئی سے بنی، پریس کانفرنس کریں گے تو لوگوں کو یقین آئیگا: مشاہد حسین

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ):سینئر سیاستدان مشاہد حسین سید نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی حالیہ ویڈیو بظاہر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کی گئی معلوم ہوتی ہے اور اس پر مکمل یقین تبھی کیا جا سکتا ہے جب وہ خود پریس کانفرنس کریں۔

ٹی وی پروگرام نقطہ نظر میں گفتگو کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ تقریباً 96 فیصد اے آئی سے تیار کی گئی ہے، اس لیے حتمی رائے قائم کرنے سے پہلے مزید تصدیق ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر نیتن یاہو خود میڈیا کے سامنے آ کر پریس کانفرنس کریں تو اس کے بعد ہی لوگوں کو یقین آئے گا۔ ان کے مطابق اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ اسرائیلی وزیراعظم کا جہاز جرمنی میں دیکھا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی بات کہنا قبل از وقت ہوگا۔

مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ کچھ حلقے یہ بھی دعویٰ کر رہے ہیں کہ نیتن یاہو زخمی ہوئے ہیں اور انہیں علاج کے لیے جرمنی منتقل کیا گیا ہے، لیکن اس بارے میں ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو کو مشکلات کا سامنا ہے اور ان کے بقول اسرائیل اور امریکا اس جنگ میں مطلوبہ کامیابی حاصل نہیں کر پا رہے۔ مشاہد حسین کے مطابق دونوں قیادتیں دباؤ کا شکار ہیں اور پسپائی کی صورتحال بھی سامنے آ سکتی ہے۔

سینئر سیاستدان نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا کہ اگر جنگ مزید شدت اختیار کرتی ہے تو ٹیکٹیکل نیوکلیئر ہتھیاروں کے استعمال کا خطرہ بھی موجود ہو سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے