نوشہروفیروز (کیو این این ورلڈ/ساجد مغل کی رپورٹ) ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن نوشہروفیروز عبداللطیف سولنگی نے کہا ہے کہ صحافت کے ذیلی شعبہ جات بشمول ڈاکومنٹری، فلم میکنگ اور ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ کے طلبہ وطنِ عزیز کی ترقی میں تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈرن انسٹیٹیوٹ آف اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر (MIT) نوشہروفیروز میں نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے تحت جاری پرائمنسٹر یوتھ ٹریننگ اسکیم کے طلبہ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید دور میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت بڑھ رہی ہے، لہٰذا نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ نفرت انگیز مواد سے بچتے ہوئے مثبت سوچ کو فروغ دیں۔
تقریب کے دوران محکمہ اطلاعات کے سینئر فوٹوگرافر محمد قاسم گوندل نے تصویری عکاسی کے موضوع پر اپنے پیشہ ورانہ تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک مؤثر تصویر خبر کی اہمیت کو کئی گنا بڑھا دیتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو سمجھایا کہ "خبر نہیں بلکہ تصویر بولتی ہے”، اس لیے فوٹوگرافی اور ویڈیو گرافی کے دوران اصل حقیقت کی نشاندہی کو ترجیح دینی چاہیے۔ اس موقع پر سینٹر کے ڈائریکٹر زاہد چنہ نے مہمانِ خصوصی کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا اور ادارے میں جاری مختلف فنی و پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔
میڈیا اسٹڈیز کے انسٹرکٹرز اور پی ٹی وی نیوز کے نمائندے نعمان چنہ سمیت صفدر علی عمرانی نے بھی ادارے میں جاری علمی اور ہنری کورسز کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی۔ مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ابلاغِ عامہ کے شعبے میں مہارت حاصل کر کے نوجوان نہ صرف معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں بلکہ اپنے لیے باعزت روزگار کے مواقع بھی پیدا کر سکتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر طلبہ نے میڈیا انڈسٹری کے جدید تقاضوں کے حوالے سے ماہرین سے سوالات بھی کیے۔