ننکانہ صاحب (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ضلعی انتظامیہ نے گندم کی دوسرے اضلاع میں منتقلی اور اسمگلنگ کو روکنے کے لیے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جس کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے رات گئے موٹروے انٹرچینج اور دیگر حساس مقامات کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ناکہ جات پر مامور ملازمین کی حاضری چیک کی اور اپنی نگرانی میں مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے عمل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سخت موسم اور نامساعد حالات کے باوجود تندہی سے فرائض سرانجام دینے والے اہلکاروں کو شاباش دی اور انہیں ہدایت کی کہ گندم کی غیر قانونی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ مقامی سطح پر گندم کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر میں گندم کی اسمگلنگ پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور تمام خارجی راستوں پر خصوصی ناکے قائم کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ گندم کی اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
