ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیرِ صدارت ڈی سی کمیٹی روم میں صحافی برادری کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سمیت میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے ماہِ رمضان المبارک کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جن میں پرائس کنٹرول، رمضان سہولت بازار اور ‘نگہبان رمضان دسترخوان: مریم کے مہمان’ جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گراں فروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور رواں سال اب تک 45 ہزار سے زائد مقامات کی انسپکشن کر کے بھاری جرمانے اور گرفتاریاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے انتظامی اقدامات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران شہر کی بڑی مساجد کو عرقِ گلاب سے دھویا جائے گا اور سحر و افطار کے اوقات میں گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ احترامِ رمضان آرڈیننس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو جیل بھیجا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ننکانہ سٹی اور منڈی فیض آباد میں رمضان سہولت بازار قائم کر دیے گئے ہیں جہاں اشیائے خوردونوش، سبزیاں اور گوشت عام مارکیٹ سے رعایتی قیمتوں پر دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ ضلع بھر میں 7 مقامات پر رمضان دسترخوان لگائے جا رہے ہیں تاکہ مستحق افراد کو باوقار طریقے سے افطاری فراہم کی جا سکے۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں پہلے مرحلے میں 9 ہزار سے زائد مستحق خاندانوں کو ‘نگہبان کارڈز’ کے ذریعے 10 ہزار روپے کی امدادی رقم فراہم کی جا رہی ہے اور اس رقم میں کسی بھی قسم کی کٹوتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 95 فیصد شاہرات مکمل ہو چکی ہیں، جبکہ واسا اور پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے ذریعے میونسپل سروسز کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ شہر کی بیوٹیفکیشن اور پارکوں کی بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے اور مارچ کے آخر تک تمام عوامی پارکس مکمل بحال کر دیے جائیں گے۔

محمد تسلیم اختر راؤ نے صحافی برادری کو اپنی ٹیم کا حصہ قرار دیتے ہوئے اپیل کی کہ وہ ذخیرہ اندوزوں، مصنوعی مہنگائی اور میونسپل مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے اسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی اور فلٹریشن پلانٹس کی مانیٹرنگ سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ اجلاس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے انجمنِ تاجران اور مقامی مخیر حضرات سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے رمضان المبارک کے دوران انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون اور عوامی ریلیف میں اپنا حصہ ڈالنے کی یقین دہانی کروائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے