ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ احسان اللہ ایاز) ڈی پی او ارسلان زاہد کی خصوصی ہدایت پر ننکانہ صاحب پولیس نے ماہِ فروری کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق سنگین جرائم میں ملوث درجنوں ملزمان کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس نے گزشتہ ماہ کے دوران 4 ڈکیت گینگز کے 12 خطرناک ملزمان کو حراست میں لیا۔ ان ملزمان کے قبضے سے 1 کروڑ 23 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی نقدی اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کرنے کے اقدامات کیے گئے۔

پولیس کی جانب سے اشتہاریوں کے خلاف چلائی گئی مہم میں 112 مجرمانِ اشتہاری، 313 عدالتی مفرور اور 33 سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ناجائز اسلحہ اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 31 مقدمات درج کیے گئے، جن میں ملزمان سے 24 پستول، 6 کلاشنکوف، 1 بندوق اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں۔

منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 32 مقدمات درج کر کے 2 کلو سے زائد منشیات اور 650 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ قانون کی بالادستی قائم کرنے کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر جھوٹی کال کرنے والے 6 افراد، کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 12، پتنگ بازی پر 6 اور ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی پر 7 مقدمات درج کیے گئے۔

ڈی پی او ارسلان زاہد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شہریوں کے جان، مال اور عزت کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف دن رات بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور ضلع کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے