ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ننکانہ صاحب میں ‘نگہبان رمضان بازار’ کو فنکشنل کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او فراز احمد نے بازار کا دورہ کر کے انتظامات اور فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ ثناء شرافت، ڈی او انفارمیشن اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے رمضان بازار میں اشیاء کی کوالٹی اور عام مارکیٹ کے مقابلے میں قیمتوں کے فرق کو چیک کیا۔ ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر راؤ نے بتایا کہ ننکانہ صاحب کے رمضان بازاروں میں اشیاء ضروریہ مارکیٹ سے 15 سے 20 فیصد کم ریٹ پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بازاروں میں اشیاء خوردونوش، پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کو سستے داموں معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

نگہبان رمضان بازاروں میں تمام متعلقہ اداروں کے ‘فسیلیٹیشن سنٹرز’ بھی قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکل کی صورت میں فوری امداد مل سکے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں عوام کو مثالی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے نیلامی کے عمل سے لے کر مارکیٹ تک قیمتوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور مصنوعی مہنگائی یا ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ڈی پی او فراز احمد نے سیکیورٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ضلع بھر کی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی پولیس کی اولین ترجیح ہے اور بازاروں و مساجد کے گرد حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، لہٰذا تمام اداروں کے افسران عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کر کے نیکیاں سمیٹیں اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی نہ برتیں۔ ضلعی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ رمضان پیکیج کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے