ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) دہشتگردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ننکانہ صاحب میں ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے سیکیورٹی اور ہنگامی اقدامات مزید مؤثر بنا دیے ہیں۔ عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے انتظامیہ متحرک ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سنٹر آف ایکسلینس سکول ننکانہ صاحب میں موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریسکیو، پولیس اور دیگر ایمرجنسی ٹیموں نے بھرپور عملی مظاہرہ کیا۔ اس مشق کا مقصد ممکنہ ہنگامی صورتحال میں اداروں کے باہمی تعاون، ردِعمل کے وقت اور عملی تیاری کا جائزہ لینا تھا۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او ارسلان زاہد نے موک ایکسرسائز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مزید بہتر انداز میں نبھایا جائے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہا جائے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں موک ایکسرسائز کا بنیادی مقصد طلبہ کو ہنگامی حالات کا سامنا کرنے کی عملی تربیت دینا ہے تاکہ وہ کسی بھی خطرے کی صورت میں گھبراہٹ کا شکار ہونے کے بجائے محفوظ اقدامات اختیار کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہماری آنے والی نسلوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ضلع بھر کی تمام کمرشل عمارتوں، مارکیٹوں اور ہائی رائز بلڈنگز میں فائر سیفٹی آلات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ کلیئر ایگزٹ اور انٹری پوائنٹس کے ساتھ حفاظتی سائن ایج کی تنصیب پر خصوصی توجہ دی جائے۔ فائر سیفٹی ضوابط پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس ضمن میں اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔
ڈی پی او ارسلان زاہد نے اس موقع پر کہا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ضلعی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ پولیس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ سمیت دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے سیکیورٹی اور ایمرجنسی انتظامات کا جائزہ لیا اور مزید بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں۔