ننکانہ صاحب: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی "دھی رانی پروگرام” کے تحت ننکانہ صاحب میں 108 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی ایک پُروقار اور شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ تھے، جبکہ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، ڈی جی سوشل ویلفیئر پنجاب، اسسٹنٹ کمشنرز، ممبران صوبائی اسمبلی اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس تقریب کی خاص بات مذہبی ہم آہنگی کا خوبصورت منظر تھا، جس میں مسلم جوڑوں کے ساتھ ساتھ سکھ برادری کے 06 اور مسیحی برادری کے 04 جوڑے بھی شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہر جوڑے کو 2 لاکھ روپے مالیت کے اے ٹی ایم کارڈز اور شادی کے ملبوسات سمیت دیگر ضروری سامان تحفے میں دیا گیا۔ ننکانہ صاحب کو امن کا گہوارہ قرار دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج یہاں تمام مذاہب کی بیٹیوں کی مہمان نوازی کرنا ریاست کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "دھی رانی پروگرام” ہزاروں والدین اور بیٹیوں کے خوابوں کی تعبیر ہے، جس نے معاشرے سے بیٹی کی شادی کے لیے قرض لینے کا تصور ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ریاست کو ایک شفیق ماں کا کردار دے کر ثابت کر دیا ہے کہ فلاحی ریاست نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے بنتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں اور انہیں یکساں حقوق حاصل ہیں۔

سہیل شوکت بٹ نے نو بیاہتا جوڑوں کو مبارکباد دیتے ہوئے دلہوں کو نصیحت کی کہ وہ ان بیٹیوں کا خاص خیال رکھیں جن کی ذمہ داری اب ریاست نے ادا کی ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ایک طرف پنجاب سے خوشحالی کی خبریں آ رہی ہیں، وہیں بدقسمتی سے دوسرے صوبے سے تشدد کی صدائیں سنائی دیتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس منفرد اقدام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اسے غریب طبقے کے لیے بڑی راحت قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے