ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز) یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ایک پروقار ریلی کا انعقاد کیا گیا، جو ڈی سی آفس سے شروع ہو کر گوردوارہ جنم استھان پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد نے کی۔ اس موقع پر ضلعی افسران، علمائے کرام، سکھ کمیونٹی، تاجروں، وکلاء اور میڈیا نمائندگان سمیت سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے کشمیریوں سے اظہارِ محبت کیا۔

ریلی کے شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچموں سمیت پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے "کشمیر بنے گا پاکستان” اور "افواجِ پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے فضا کو گرما دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کی بے مثال قربانیاں اور استقامت پوری امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او ننکانہ صاحب نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی عالمی اداروں کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور خطے میں پائیدار امن کا واحد حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دینا ہے۔ ریلی کے اختتام پر کشمیری عوام کی آزادی اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے