ننکانہ صاحب: سیوریج منصوبے میں بے ضابطگیاں

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب میں جاری سیوریج منصوبے میں بے ضابطگیوں اور ناقص تعمیراتی کام کی شکایات پر سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین نے اچانک دورہ کیا اور ریلوے روڈ کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے موقع پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران سیکرٹری ہاؤسنگ نے ناقص میٹریل کے استعمال اور کام کی سست روی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے موقع پر ہی ناقص میٹریل استعمال کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا اور ڈپٹی کمشنر کو فوری قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متعلقہ ٹھیکیدار خود موقع پر موجود نہیں رہتا اور کام سب کنٹریکٹرز کے ذریعے کروایا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے معیار متاثر ہو رہا ہے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین نے ریلوے روڈ کو سات روز کے اندر مکمل طور پر کلیئر کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مشینری اور افرادی قوت میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص میٹریل کا استعمال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ شہریوں کے احتجاج اور میڈیا رپورٹس کے بعد حکام متحرک ہوئے، تاہم سیکرٹری ہاؤسنگ نے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریز کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے