ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راؤ تسلیم اختر کی زیر نگرانی اور چیف آفیسر ضلع کونسل عامر اختر بٹ کی ہدایت پر بلڈنگ انفورسمنٹ ونگ نے غیر قانونی اور بغیر نقشہ منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چک نمبر 51 آر بی کی اضافی آبادی، چوہدری جمیل گجر اضافی آبادی اور جمرہ روڈ شاہکوٹ پر واقع عمر فاروق سکیم سمیت مختلف غیر قانونی منصوبوں کو متعدد نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔ نوٹسز کی عدم تعمیل اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر انتظامیہ نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے ان سکیموں کے زیر تعمیر دفاتر، سڑکیں اور سیوریج لائنیں مسمار کر دیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رئیل اسٹیٹ کے نام پر چاندی کرنے والے مالکان زرعی زمینوں پر غیر قانونی رہائشی سکیمیں بنا کر سادہ لوح عوام کو سبز باغ دکھا رہے ہیں اور حکومتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ متعلقہ اتھارٹی سے منظوری نہ لینے والے مالکان اور ڈویلپرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے متعلقہ لوکل گورنمنٹ یا اتھارٹی سے اس کی منظوری کے بارے میں مکمل چھان بین کر لیں، تاکہ ان کا قیمتی سرمایہ ضائع ہونے سے بچ سکے۔