ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ /نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی ہدایت پر انٹرنیشنل سول ڈیفنس ڈے کے حوالے سے بابا گورونانک یونیورسٹی میں ایک خصوصی آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کا بنیادی مقصد طلبہ اور شہریوں میں شہری دفاع کی اہمیت اجاگر کرنا تھا تاکہ ہر گھر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے والا تربیت یافتہ فرد موجود ہو۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہری دفاع کا مقصد انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قدرتی آفات، آتشزدگی یا زلزلے جیسی ناگہانی صورتحال میں درست ردعمل ہی قیمتی جانیں بچا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں شہری دفاع کے نظام کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔

تقریب کے دوران طلبہ کو ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانے کے طریقہ کار اور ہنگامی انخلاء کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ہنگامی صورتحال میں استعمال ہونے والے آلات کا معائنہ بھی کیا اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ سول ڈیفنس کی باقاعدہ تربیت حاصل کریں تاکہ معاشرے کے لیے مددگار ثابت ہو سکیں۔

سیمینار کے اختتام پر آگاہی ریلی نکالی گئی اور شرکاء میں پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ضلعی افسران کے ہمراہ یونیورسٹی میں شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر، ضلعی افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے