ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز):ننکانہ صاحب کے علاقے مینارِ پاکستان چوک کے قریب تقریباً 100 فٹ اونچے 132 کے وی ہائی وولٹیج الیکٹرک پول پر چڑھ کر خودکشی کی کوشش کرنے والے 45 سالہ شخص خالد کو ریسکیو 1122 نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے ذریعے بحفاظت نیچے اتار لیا۔

تفصیلات کے مطابق خالد نامی شخص گھریلو ناچاقی کے باعث خودکشی کی نیت سے الیکٹرک پول پر چڑھ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم نے فوری طور پر ایمرجنسی وہیکلز کو موقع پر روانہ کیا۔ ریسکیو ٹیمیں سات ایمرجنسی وہیکلز کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچیں اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

ریسکیو آپریشن کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر ضلعی افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ریسکیو عملے نے متاثرہ شخص کو ذہنی طور پر مطمئن کرنے کے لیے اس کے اہلِ خانہ کو بھی موقع پر بلوایا۔

تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہنے والی مسلسل اور انتھک کوششوں کے بعد ریسکیو 1122 کے عملے نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خالد کو بحفاظت الیکٹرک پول سے نیچے اتار لیا اور ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا۔

واقعے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی اور کاوشوں کو سراہا اور انسانی جان بچانے پر شکریہ ادا کیا۔