میرپور ماتھیلو (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ضلع گھوٹکی کی تاریخ میں پہلی بار ڈی ایچ کیو اسپتال میرپور ماتھیلو میں یورولوجی (امراضِ گردہ و مثانہ) کا شعبہ باقاعدہ طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جہاں اب جدید یو آر ایس مشین کے ذریعے مریضوں کا علاج ممکن ہو سکے گا۔ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی کی خصوصی کاوشوں سے سندھ حکومت نے اسپتال کو جدید ترین طبی آلات فراہم کیے ہیں، جس کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر نے خود کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع گھوٹکی کے شعبہ صحت میں بہتری کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں اور سندھ حکومت اسپتالوں کو جدید سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر بہتر طبی سہولتیں میسر آ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس شعبے کے فعال ہونے سے ضلع کے ہزاروں افراد کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا جو پہلے ان امراض کے علاج کے لیے دور دراز کے اضلاع کا رخ کرنے پر مجبور تھے۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سرفراز علی شاہ نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں پہلی بار یورولوجی کا باقاعدہ شعبہ قائم کیا گیا ہے، جس کے تحت اب روزانہ کی بنیاد پر گردوں اور مثانے میں پتھری کے مریضوں کی جانچ کی جائے گی، جبکہ ابتدائی طور پر ہر ہفتے بدھ کے روز 3 سے 4 آپریشن کیے جائیں گے جن کی تعداد میں مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا۔ ملک کے نامور معالج ڈاکٹر ادیب رضوی کی سربراہی میں تربیت حاصل کرنے والے کنسلٹنٹ یورولوجسٹ اینڈ اینڈواسکوپی سرجن ڈاکٹر سید سرور نے بتایا کہ ضلع گھوٹکی میں پتھری کے مریضوں کی شرح تشویشناک حد تک زیادہ ہے، تاہم اب جدید یو آر ایس مشین کے ذریعے کسی بڑے آپریشن کے بغیر لیزر کے ذریعے گردوں کی نالی میں موجود پتھری کو توڑ کر نکالا جائے گا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر راؤ آفتاب اور دیگر طبی ماہرین بھی موجود تھے جنہوں نے اس اقدام کو ضلع کے غریب عوام کے لیے ایک بڑی نعمت قرار دیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید طریقہ علاج کی بدولت مریضوں کو تکلیف کم ہوگی اور وہ جلد صحت یاب ہو کر اپنی روزمرہ زندگی کی طرف لوٹ سکیں گے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے بھی ڈی ایچ کیو اسپتال میں یورولوجی شعبے کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ضلعی انتظامیہ اور سندھ حکومت کا ایک انقلابی قدم قرار دیا ہے جس سے نجی اسپتالوں کے بھاری اخراجات سے غریب مریضوں کو نجات ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے