گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)گھوٹکی کی تحصیل میرپورماتھیلو کے شہر جروار کے قریبی گاؤں خدا بخش لغاری میں رات گئے مقامی صحافی مشتاق علی لغاری اور ان کے والد فقیر غازی لغاری کے گھر پر مسلح افراد کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی۔ رات تقریباً ساڑھے بارہ بجے پیش آنے والے اس خوفناک واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ متاثرہ خاندان کے مطابق اس حملے میں ابراہیم لغاری ولد برکت لغاری اور اس کے مسلح ساتھی ملوث ہیں، جو واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

متاثرہ خاندان اور صحافی مشتاق علی لغاری نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ صحافی کے والد فقیر غازی لغاری نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی گھوٹکی سے اپیل کی ہے کہ نامزد ملزم ابراہیم لغاری اور اس کے ساتھیوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ جس طرح سندھ میں پہلے بھی کئی صحافی دہشت گردی کا شکار ہو چکے ہیں، کہیں یہ ملزمان ان کے بیٹے یا خاندان کو کوئی بڑا جانی نقصان نہ پہنچا دیں۔

متاثرہ خاندان نے واضح کیا ہے کہ اگر ان کے گھر، خاندان یا کسی بھی عزیز کو مستقبل میں کوئی نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری براہِ راست ابراہیم لغاری اور اس کے ساتھیوں پر عائد ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایچ او جروار اور ڈی ایس پی میرپور ماتھیلو فوری طور پر قانون حرکت میں لائیں اور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنا کر صحافی اور اس کے خاندان کو تحفظ فراہم کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے