میہڑ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظور علی جوئیہ) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع دادو کے صدر اور ایم پی اے بیرسٹر پیر مجیب الحق نے چند روز قبل ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے تین پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پ پ ضلع دادو کے انفارمیشن سیکرٹری میر صدام بلہڑو، یوتھ رہنما کامریڈ نظیر احمد کورائی، کلچر ونگ کے رہنما کامریڈ مختیار علی جتوئی، نعیم کورائی، امداد دائوچھ، رجب شاہانی، سندھی ادبی سنگت کے رہنما آزاد انور کانڈھڑو، یو سی قاضی عارف کے چیئرمین قاضی واجد علی مہیسر، رئیس ولایت علی چانڈیو، جنرل سیکرٹری حاجی عزیز منگی، کوآرڈینیٹرز واجد علی مہیسر، زوہیب بلہڑو، عرض محمد مہیسر اور ندیم علی مزاری سمیت دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔ وفد نے میہڑ میں شہید جمعدار امام الدین کوسو کے ورثاء اور قریبی گاؤں لونگ مہیسر پہنچ کر شہید عرفان چانڈیو اور ڈرائیور عبدالحفیظ مہیسر کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ مقابلے میں زخمی ہونے والے پولیس جوان سکندر علی بھرگڑی کی عیادت بھی کی۔
بیرسٹر پیر مجیب الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی شہادت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس پر انہیں دلی صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔ ایم پی اے نے اعتراف کیا کہ امن و امان کی صورتحال اس وقت خراب ہے جسے بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امن کی خاطر لازوال قربانی دی ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت شہیدوں کے وارثوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی اور انہیں شہید کوٹہ سمیت تمام متعلقہ مراعات اور ہر ممکن سہائتا فراہم کی جائے گی۔