میہڑ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظور علی جوئیہ) میہڑ کے قریب گاؤں خداداد پنہان میں گھر کی دیوار کے معاملے پر سولنگی برادری کے دو گروپوں میں خونی تصادم ہوا ہے، جس میں ڈنڈے اور کلہاڑیاں لگنے سے ایک خاتون سمیت 7 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
زخمیوں میں ایک گروپ کے حمزہ علی سولنگی، محمد عثمان سولنگی، غذافت علی سولنگی، امیر سولنگی، مزن سولنگی اور مسمات عرفانہ سولنگی شامل ہیں، جبکہ دوسرے گروپ سے زاہد حسن سولنگی زخمی ہوئے ہیں۔ گاؤں والوں نے تمام زخمیوں کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے، تاہم آخری اطلاعات ملنے تک میہڑ اے سیکشن تھانہ میں واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا۔