میہڑ (کیو این این ورلڈ/رپورٹ: منظور علی جوئیہ)سندھ کے شہر رادھن میں ناکہ چوک کے قریب بروہی اور سولنگی برادریوں کے دو گروپوں کے درمیان معمولی بات پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب رادھن شہر کے مصروف ناکہ چوک کے قریب بروہی اور سولنگی برادری سے تعلق رکھنے والے دو گروپوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم میں بدل گئی۔ جھگڑے کے دوران فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 22 سالہ نوجوان توفیق احمد گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں لے لیا۔ پولیس نے نعش کو تحصیل ہسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ علاقے میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی پولیس نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔