راولپنڈی (ویب ڈیسک): فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اردن کی مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اردن کی مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف احمد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پیشہ ورانہ تعاون اور علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے عسکری قائدین نے موجودہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور بدلتے ہوئے عالمی و علاقائی سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوشوں اور مربوط حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔
میجر جنرل یوسف احمد نے پاک مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کی تعریف کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اردنی وفد کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اردن کے درمیان برادرانہ تعلقات کی جڑیں تاریخ میں پیوست ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان عسکری شعبے میں تعاون کو وسعت دینا وقت کی ضرورت ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات سے دونوں دوست ممالک کے مابین سکیورٹی اور دفاعی اشتراک کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا جس کے مثبت اثرات علاقائی استحکام پر مرتب ہوں گے۔