راولپنڈی: (کیو این این ورلڈ)راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں آج ہفتہ 3 جنوری کو بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف سانحہ 9 مئی سے متعلق درج 11 مقدمات کی اہم سماعت ہو رہی ہے، جس میں تمام کیسز کے چالان کی نقول تقسیم کیے جانے کی توقع ہے۔ عدالت نے چالان کی نقول وصول کرنے کے لیے ملزم کے وکلاء کو طلب کر رکھا ہے، تاہم جیل انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کے بجائے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی جیل روبکار پر حاضری لگائے جانے کا امکان ہے۔ ان مقدمات میں جی ایچ کیو حملہ کیس، آرمی میوزیم پر حملہ، صدر میں سرکاری عمارتوں کو آگ لگانے، مری روڈ پر میٹرو اسٹیشن جلانے اور حساس ادارے کے دفتر میں توڑ پھوڑ جیسے سنگین الزامات کے کیسز شامل ہیں۔
سماعت کے دوران سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد عدالت میں پیش ہوں گے، جبکہ دیگر 30 ملزمان بشمول شیریں مزاری، شبلی فراز اور عمر ایوب کو بھی چالان کی نقول فراہم کی جانی ہیں جو کہ گزشتہ سماعتوں پر تقسیم نہیں ہو سکی تھیں۔ دوسری جانب، انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد شاہ نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں درج احتجاجی کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 5 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے علیمہ خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی، تاہم مقدمے میں مسلسل غیر حاضر رہنے والے 3 ملزمان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ انہیں گرفتار کر کے اگلی سماعت پر پیش کیا جائے۔