ایران نے اسرائیل پر کلسٹر بموں کی بارش کردی، کویت میں امریکا کے 6 بحری جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ

تہران ( کیو این این ورلڈ) مشرق وسطیٰ میں کشیدگی انتہائی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے جہاں ایران نے اسرائیل پر کلسٹر بموں کی بارش کر دی ہے جبکہ کویت، دبئی اور سعودی عرب میں امریکی بحری جہازوں اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق ایرانی حملوں کے نتیجے میں تل ابیب میں کثیر المنزلہ عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور میزائل اسرائیلی فضا میں داخل ہوتے ہی سائرن بج اٹھے، جس کے باعث شہریوں نے زیر زمین شیلٹرز میں پناہ لی۔

ایرانی حکام اور میڈیا کے مطابق "وعدہ صادق چہارم” نامی آپریشن کی 84 ویں لہر کے دوران کویت کی الشویخ بندرگاہ پر کھڑے امریکہ کے 6 ٹیکٹیکل بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان میں سے 3 جہاز سمندر برد ہو گئے جبکہ دیگر 3 میں شدید آگ لگی ہوئی ہے۔ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ دبئی کے ایک ہوٹل اور ساحلی مقام پر خودکش ڈرونز کے ذریعے امریکی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں متعدد امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

سعودی عرب میں واقع الخرج کی پرنس سلطان ایئر بیس پر بھی ایرانی میزائل حملے کی تصدیق کی گئی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق اس حملے میں امریکہ کے ری فیولنگ طیاروں کو نقصان پہنچا ہے اور 12 امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب سعودی وزارت داخلہ نے ملکی سلامتی کے پیش نظر میزائل یا ڈرون گرنے کے مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر پابندی عائد کر دی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔

پاسداران انقلاب کے ایرو اسپیس سربراہ جنرل ماجد موسوی نے اسرائیل کو سخت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے بجلی گھروں، اسٹیل کارخانوں اور سویلین نیوکلیئر تنصیب کو نشانہ بنا کر آگ سے کھیلنے کی کوشش کی ہے، جس کا اب بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بار "آنکھ کے بدلے آنکھ” کا اصول نہیں بلکہ اس سے کہیں سخت کارروائی ہوگی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل ان جرائم کی بھاری قیمت چکائے گا۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران اور حزب اللہ کے سستے خودکش ڈرونز ان کے مہنگے دفاعی نظام کے لیے بڑا سر درد بن چکے ہیں۔ اس صورتحال میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے یوکرینی صدر سے بھی رابطہ کیا ہے تاکہ ڈرون ٹیکنالوجی کے خلاف تعاون حاصل کیا جا سکے۔ اسی دوران برطانوی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے نیتن یاہو کو سخت جھاڑ پلائی ہے کہ وہ ایران کے خلاف جنگ کو آسان بتا کر امریکہ کو اس میں شامل کرنے کی کوشش نہ کریں۔

پاسداران انقلاب نے خطے میں کام کرنے والی امریکی اور صہیونی کمپنیوں کے ملازمین کو فوری طور پر کام کی جگہیں خالی کرنے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جوابی کارروائیوں کا آغاز کیا جا رہا ہے، لہٰذا صنعتی مراکز کے ایک کلومیٹر کے دائرے میں رہنے والے افراد اپنی جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ ادھر تہران حکام کے مطابق امریکی و صہیونی حملوں میں خنداب ہیوی واٹر کمپلیکس کو بھی دو مرحلوں میں نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم پیشگی حفاظتی اقدامات کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے