پیپلز پارٹی رہنما شیری رحمٰن کی بیٹی ماروی ملک انتقال کرگئیں

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان کی صاحبزادی ماروی خورشید ملک 39 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق ماروی خورشید ملک کو دماغی ایمبولزم کے باعث تشویشناک حالت میں کراچی کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ وینٹی لیٹر پر زیر علاج تھیں تاہم جانبر نہ ہو سکیں۔

مرحومہ کی نمازِ جنازہ کل (بروز پیر) 23 مارچ 2026 کو سہ پہر ساڑھے 3 بجے ڈی ایچ اے فیز 8 کراچی میں ادا کی جائے گی۔

ماروی خورشید ملک کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سیاسی، سماجی اور صحافتی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے اور مرحومہ کے لیے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے اس افسوسناک خبر پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔

پیپلز پارٹی سیکریٹریٹ کے مطابق ماروی ملک کو چند روز قبل برین ہیمرج ہوا تھا جس کے بعد ان کی حالت تشویشناک ہو گئی تھی۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماروی ملک کے انتقال کی خبر سن کر دل انتہائی افسردہ اور صدمے سے دوچار ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ماروی ملک کی وفات ایک ناقابل برداشت صدمہ ہے اور وہ سینیٹر شیری رحمان اور دیگر لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے