اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی، جہلم، چکوال اور مری میں ریاستی رٹ کے نفاذ اور دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر بڑا سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران متعدد غیر قانونی افغان شہریوں سمیت مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئیں۔

اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن، پشاور موڑ اور جی نائن مرکز سمیت گرد و نواح میں مشترکہ کارروائیاں کی گئیں۔ راولپنڈی میں پیر اورنگزیب ٹاؤن، پیر صاحبہ ٹاؤن، کرسچین کالونی، اعوان ٹاؤن اور مصریال روڈ کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا جبکہ پنڈورا اور کٹاریاں میں غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کیا گیا۔ جہلم کے ایاز ٹاؤن، غازی ٹاؤن، منگلا روڈ، چک آکا اور دینہ کی کچی آبادیوں میں بھی گھر گھر تلاشی لی گئی، جبکہ چکوال سٹی، صدر، نیلہ، ڈھوڈیال، کلر کہار اور ونہار میں سکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کارروائیاں کیں۔ مری کے ایم آئی ٹی اور گھیکا گلی میں پولیس اور انٹیلی جنس اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا۔

کارروائیوں میں پاکستان رینجرز، ایلیٹ فورس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، ڈولفن اسکواڈ اور دیگر انٹیلی جنس اداروں نے حصہ لیا۔ مجموعی طور پر 368 اہلکاروں پر مشتمل مربوط آپریشنل فریم ورک کے تحت مختلف علاقوں میں بیک وقت کارروائیاں کی گئیں۔

حکام کے مطابق غیر قانونی افغان شہریوں کی اسکریننگ، رہائشی ریکارڈ اور کرایہ داری معاہدوں کی سخت جانچ پڑتال کی گئی جبکہ جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اسلام آباد میں 317 گھروں، 93 دکانوں، 27 ہوٹلز و گیسٹ ہاؤسز، 59 گاڑیوں اور 39 موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کی گئی، جہاں سے 7 مشتبہ افراد اور 4 غیر قانونی افغان شہری گرفتار کیے گئے۔

راولپنڈی میں 235 گھروں، 63 افراد، 25 گاڑیوں اور 42 موٹر سائیکلوں کی تلاشی لی گئی جبکہ مختلف تھانوں کی حدود سے مزید 19 غیر قانونی افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔ جہلم میں افغان شہریوں کو پناہ دینے اور کرایہ داری قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں کی گئیں، ایک اشتہاری ملزم کو گرفتار کرکے غیر قانونی رائفل برآمد کر لی گئی۔ چکوال میں 174 گھروں اور مختلف مقامات کی تلاشی کے دوران 73 افراد کی دستاویزات کی جانچ پڑتال اور 30 مشتبہ افراد کی تفصیلی اسکریننگ کی گئی، جہاں سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ مری میں 50 گھروں، 95 گاڑیوں اور 20 افراد کی چیکنگ عمل میں لائی گئی۔

سکیورٹی اداروں نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی افغان شہریوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور ریاستی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے