واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) عراق میں جاری امریکی فوجی کارروائی کے دوران امریکی فضائیہ کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب فضا میں ایندھن فراہم کرنے والا ‘کے سی 135 اسٹریٹو ٹینکر’ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اس حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ مغربی عراق میں "آپریشن ایپک فیوری” کے دوران پیش آیا۔

سینٹکام کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس مہم میں دو طیارے شامل تھے، جن میں سے ایک حادثے کا شکار ہو کر گر گیا جبکہ دوسرا طیارہ بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب رہا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ واقعہ ‘فرینڈلی ایئر اسپیس’ میں پیش آیا اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ نہ تو دشمن کے حملے کا نتیجہ ہے اور نہ ہی اسے ‘فرینڈلی فائر’ قرار دیا جا سکتا ہے۔ حادثے کے فوری بعد علاقے میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ "آپریشن ایپک فیوری” کے آغاز سے اب تک امریکی فضائیہ کو کئی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس میں اس سے قبل ایک عجیب و غریب فرینڈلی فائر واقعے میں تین ایف 15 لڑاکا طیاروں کی تباہی بھی شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور متاثرہ اہلکاروں کے خاندانوں کو صورتحال سے جلد آگاہ کر دیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں امریکی سینٹرل کمانڈ نے طیارے کی تباہی پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم طیارے کے نقصان کے حوالے سے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں، جنہیں تحقیقات مکمل ہونے پر میڈیا کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے